نئی دہلی، 18؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج اڑ ی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کو قومی جذبہ کی توہین قرار دیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حملے کو انجام دینے والے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے حملے میں 17؍جوانوں کے شہید ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔کانگریس پارٹی نے ایک بیان میں کہاکہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اڑ ی میں دہشت گردوں کے وحشیانہ حملے سے دلبرداشتہ ہیں اور وہ ہندوستانی جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کرتی ہیں۔سونیا گاندھی نے اس وحشیانہ دہشت گردانہ حملے کو ملک کی قومی ضمیر کی افسوس ناک توہین قرار دیتے ہوئے اس میں شامل مجرموں سے سختی سے نمٹنے اور ان پر کارروائی کرنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے بھی حملے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا ٹوئٹر پر لکھاکہ اڑ ی میں فوجی کیمپ پر دہشت گردانہ حملے کی میں سخت مذمت کرتا ہوں اور اس حملے میں شہید بہادر فوجیوں کے اہل خانہ کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔شمالی کشمیر میں اڑ ی کے بٹالین ہیڈکوارٹر میں آج علی الصبا ح ہوئے اس دہشت گردانہ حملے میں 17؍جوانوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 19جوان زخمی ہو گئے ہیں۔فوج نے اس سب سے مہلک حملے میں شامل 4 دہشت گردوں کو بھی مار گرایا ہے۔